Wednesday, January 21, 2009

ادبی محفل۔۔۔ ہیں کواکب کچھ، نظر آتے ہیں کچھ

آج سے کچھ مہینے قبل مجھے ایک ادبی محفل میں جانے کا اتفاق ہوا۔ بلکہ مجھے اصرار کرکے بلایا گیا۔ خاصی شام ہوچکی تھی گھر سے باربار فون آرہے تھے کہ جلدی آؤ پر میں بےچاری مروت کی ماری۔۔۔ پہنچ گئی وعدہ نبھانے۔۔ مزے کی بات یہ ہے کہ جن محترمہ نے مجھے بلایا تھا میں ان سے بھی پہلی بار مل رہی تھی۔۔۔ ادبی محفل کے دعوت نامے پر محفل میں ہونے والی بحث کا عنوان تو خاص دلچسپ تھا۔۔۔ لیکن استقبال بہت عجیب تھا۔۔۔ پھر جونہی میں نے کمرہ محفل میں قدم رکھا تو عجیب حال دیکھا۔۔۔ اللہ جھوٹ نہ بلوائے تمام لوگوں کے لیے فرشی نشست کاانتظام کیا گیا تھا لیکن اس فرشی نشست کا بھرپور استعمال کیا جارہا تھا۔ ۔۔۔ میری قوم کی دلیر خواتین اور جفاکش نوجوان خوش گپیوں مین ایسے مگن تھے کہ انھیں میری آمد کا پتہ ہی نہیں چلا۔۔۔ وہیں پر شوبز کی ایک خاصی معروف شخصیت بھی براجمان تھی۔ جن کی پانچوں انگلیاں گھی میں تھیں۔۔ یعنی کم و بیش دس عدد حسیناؤں کے جھرمٹ میں بیٹھے محترم راجہ اندر لگ رہے تھے۔۔۔۔ مجھے لگا کہ ابھی ادبی محفل آغاز ہوا چاہتی ہے پر وہاں تو سب کا باوا آدم ہی نرالا تھا۔۔۔۔ خیر جناب ہوا یوں کہ بہت ضبط کرکے بیٹھی رہی پر کہیں سے ادب نام کی کوئی شے نہیں برآمد ہوئی۔۔ اب میں وہاں مزید رکتی تو شاید مغلظات بولنے لگتی۔۔۔ تو اٹھنے مین ہی عافیت جانی۔۔۔ باہر آئی تو میزبان صاحبہ اٹھ کر پیچھے پیچھے آگئیں۔۔۔ ارے آپ اتنی جلدی کیوں جارہی ہیں؟؟ ابھی تو ادبی محفل شروع ہوئی ہے۔۔۔ دل تو چاہا کہ کوئی کرارا سا جواب دوں پر مروت پھر آڑے آگئی۔۔۔۔خیر مصروفیت کا بہانہ بناکر جان چھڑائی اور گھر آگئی۔۔۔ رات کو ڈائری لکھتے ہوئے اپنی بےوقوفی پر خوب ہنسی آئی۔۔۔ کاش میں اس شاندار "ادبی محفل" کی تصویر بنا لیتی تو آپ سب بھی دیکھتے۔۔ اور سمجھ جاتے کہ ادب کیوں ناراض سا ہوگیا ہے ہم سے۔۔۔

No comments:

Post a Comment